کراچی(اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات جاری ہیں۔ چیئرمین میٹرک بورڈ نے سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی ہے وہ کسی بھی امیدوار کو بغیر ایڈمٹ کارڈ کے امتحانی مراکز میں داخل نہ ہو دیں۔انہوں نے تمام ویجلینس ٹیموں کو بھی تنبیہ کی کہ وہ نقل کی روک تھام کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں اور روزانہ کی بنیاد پر بورڈ کے رپورٹنگ سیل میں رپورٹ کریں۔جمعرات کے روزصبح میں حیاتیات(پرچہ اول) اور دوپہر کی شفٹ میں دہم جماعت میں انگریزی (لازمی پرچہ دوم) کے پرچے ہوئے۔ بورڈ کے شکایتی سیل میں آج 76 امیدواروں کے نقل کے کیس رپورٹ ہوئے ان امیدواروں کو بورڈ کے قانون کے مطابق سزا دینے والے کمیٹی کے حوالے کیا جائے گااور سینٹر سپرنٹنڈنٹ نے اس حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق صبح کی شفٹ میں سے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کے ٹی ایس ٹو کورنگی نمبر ایک سے حب آفیسر نے ایک موبائل اور 4 امیدواروں کو اصل امیدواروں کی جگہ نقل کرتے ہوئے پکڑاجبکہ اسی امتحانی مرکز سے 19امیدوار نقل کرتے ہوئے بھی پکڑے گئے۔ اسی طرح علامہ اقبال گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر 2 ایف بی ایریا سے حب آفیسر نے 24 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔ کمپری ہینسو گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر ایک عزیز آباد سے حب آفیسر نے 1 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔ ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول محمود آباد سے حب آفیسر نے 4 امیدوار کو نقل کرتے ہوئے پکڑا، دی ایجوکیٹر ملیر کیمپس ملیر کالونی سے حب آفیسر نے 22امیدوار کو نقل کرتے ہوئے پکڑا، ستارہ حیدری گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نیو کراچی سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ نے 2 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا۔