کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت اتوار13اپریل کو شارع فیصل پر شام 4بجے ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”یکجہتی غزہ مارچ“ کی تیاریاں تیزی سے جاری ، شہر بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنان و ذمہ داران بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ مہم میں مصروف ہیں، شہر کے مختلف اہم پبلک مقامات اور بڑی شاہراؤں پر یکجہتی کیمپ لگا دیئے گئے ہیں جبکہ علمائے کرام، آئمہ مساجد، تاجروں و صنعتکاروں، وکلاء، اساتذہ اور مزدوروں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد سے رابطہ اور مارچ میں شرکت کی دعوت دینے کا سلسلہ جاری ہے، علاوہ ازیں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت بھی حلقہ جات کی سطح پر خواتین سے رابطہ و شرکت کی دعوت دی جارہی ہے، دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں ”یکجہتی غزہ مارچ“ کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں تشکیل دی گئیں مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داران کا اجلاس ہوا اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ منعم ظفر خان نے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”یکجہتی غزہ مارچ“ اہل کراچی کا اہل غزہ سے یکجہتی کا بھر پور اظہار ہوگا اور حکمرانوں سے مطالبہ کرے گا امریکا کے خوف سے نکلیں،مصلحت پسندی کا رویہ ترک کر کے اسرائیل کو غزہ پر جارحیت اور دہشت گردی سے روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں، 13اپریل کو پورا کراچی مسلکی و سیاسی، لسانی و علاقائی وابستگیوں او اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گھروں سے نکلے۔