کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ و اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے گاڑیاں جلانے کا کہا وہ شہر کے ساتھ مخلص نہیں ہیں ان کو لوگوں کی پرواہ ہوتی تو اس طرح کی کوشش نہ کی جاتی۔ جہاں تک سیاسی پارٹیوں کے احتجاج کی بات ہے ہم ان کو اینگیج کریں گے درخواست بھی کریں گے کہ اس کو ایسا کوئی رنگ نہ دیا جائے نہ لسانیت کا رنگ دیا جائے جس سے شہر کا امن خراب ہو ، ماہر بین الاقوامی امور کامران بخاری نے کہا کہ ٹرمپ جہاں جارحانہ زبان استعمال کر رہے ہیں وہیں ایران سے ڈیل کے خواہاں بھی ہیں ، ٹرمپ انتظامیہ ہر حال میں اپنے لیے فائدہ چاہتی ہے۔ایران کے وزیر خارجہ اگر واشنگٹن پوسٹ میں آرٹیکل پبلش کر رہے ہیں تو اس بات کی علامت ہے کہ معاملات کافی ایڈوانس ہوچکے ہیں۔ جب ٹرمپ انتظامیہ نے طالبان کے ساتھ ڈیل کی تھی تو اس وقت جو سراج الدین حقانی ہیں ان کو بھی نیویارک ٹائمز میں جگہ دی گئی تھی،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں انتظامیہ حادثات روکنے اور ذمہ داران کو سزائیں دینے میں ناکام نظر آرہی ہے عوام قانون کو ہاتھ میں لیتے ہوئے اور حادثے کا سبب بنے والی گاڑیوں کو آگ لگا رہے ہیں۔ واٹر ٹینکر سڑکوں سے غائب ہوگئے ہیں جس سے شہر میں نئے بحران کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔سینئر وزیر ٹرانسپورٹ و اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہاکہ نومبر 2024سے اب تک کی ریسرچ آئی ہے جس کا ڈیٹا کا تجزیہ بھی کیا گیا ہے کہ ستر فیصد واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس پر گورنمنٹ سر جوڑ کر بیٹھی ہے کہ اچانک ایسا کیوں ہوا تو ہم نے اہم فیصلے کیے ہیں کہ جن گاڑیوں میں خامیاں موجود ہیں چاہے وہ ہیوی ٹریفک ہے یا بائیکس ہیں سب کو انفارم کرنا شروع کیا ہے اور نومبر سے اب تک ہیوی ٹریفک کے باعث 160اموات ہوئی ہیں۔