کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ، حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹ نظام کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 25مارچ 2025ءسے سندھ میں آن لائن فٹنس سرٹیفیکیٹس کے اجراء اور درخواستوں کی سہولت کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کراچی کے 2نئے فٹنس سینٹر، ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل (ضلع ملیر) اور ابراہیم حیدری (کورنگی) میں کمرشل گاڑیوں کی فزیکل جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جدید آلات سے آراستہ ان مراکز پر ماہر تیکنیکی ٹیمیں گاڑیوں کا معائنہ کرتی ہیں جس کے بعد موٹر وہیکل انسپکٹرز فٹنس سرٹیفیکیٹ جاری کرتے ہیں، یہ اصلاحاتی عمل محکمہ ٹرانسپورٹ کے مختلف اداروں بشمول پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ضلعی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کی خود کاری کا حصہ ہے، روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفیکیٹ کے اجراء کا نظام، ادائیگیوں اور ریونیو ریکارڈ کی خود کاری، پیپر فری دفتری ماحول، آمدنی میں اضافے اور جعلی دستاویزات کے خاتمے جیسے اہم اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔