چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کا کہنا ہے کہ کراچی کا سارا سسٹم، پولیس، ٹریفک پولیس، کے ڈی اے، ایس بی سی اے سمیت تمام ادارے ٹھیکے پر دیدیے گئے ہیں۔
ایم کیو ایم حقیقی کے رہنما آفاق احمد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سفید پرچم کے ساتھ لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ گھروں سے نکل کر پُر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں، لیکن آج ضلع وسطی میں ایک دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
ان کا کہناہے کہ ایم کیو ایم پی پی کے گٹھ جوڑ سے عوام کی توجہ ان مسائل سے ہٹانے کے لیے ہمیشہ نورا کشتی کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے۔
آفاق احمد نے کہا کہ آج پر امن احتجاج کو متاثر کرنے کے لیے کارکنان اور ہمدردوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، بے گناہ لوگوں کو گرفتار کر کے پر امن احتجاج سے روکا جا رہا ہے۔
چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ان تکالیف کے باوجود آج گھروں سے باہر نکلیں اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے کردار ادا کریں۔