کراچی (اسد ابن حسن) سیکرٹری دفاع کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قواعد و ضوابط سے ہٹ کر ایک فیصلے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک مراسلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن کے ایک حال ہی میں ریٹائر ہونے والے ایک سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر کو ریٹائرمنٹ کے بعد ڈائریکٹر ہیومن ریسورس نے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے ان کے ریٹائرمنٹ کے بعد کے تمام بقایا جات ادا کروا دیے جبکہ مذکورہ افسر کے خلاف ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی میں مقدمہ نمبر 54/2021بابت کرپشن اب بھی سندھ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔ قانون یہ کہتا ہے کہ اگر کسی سرکاری افسر کو اس وقت تک بقایا جات ادا نہیں کیے جا سکتے جب تک مقدمے کا فیصلہ نہیں ہو جاتا کیونکہ اگر مقدمے میں ملزم پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے تو وہ رقم کون ادا کرے گا۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر ایچ آر عابد علی کا کہنا تھا کہ اطلاعات غلط ہیں اور مذکورہ ادائیگی قواعد و ضوابط کے مطابق ہوئی ہے۔