اسلام آباد( نیوز رپورٹر)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں انعقاد ہوا جس کی صدارت سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کی ۔ کانفرنس میں خطے میں بدلتی ہوئی سمندری صورتحال، قومی سلامتی، جیوسٹریٹجک امور، جنگی تیاریوں اور جوانوں کی تربیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق نیول چیف نے میری ٹائم ڈومین میں ممکنہ روایتی اور غیر روایتی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔کانفرنس میں میری ٹائم سکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کے حصول کو سراہا گیا ۔نیول چیف نے کثیرالقومی مشق امن 25اور امن ڈائیلاگ کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر جامع بریفنگ دی گئی ۔