راولپنڈی(راحت منیر)باخبر ذرائع کے مطابق ضلع راولپنڈی میں پاکستان اپروچ ٹو ٹوٹل سینی ٹیشن پروگرام بند کردیا گیا جس کے تحت دیہاتوں میں رفع حاجت کیلئے کھلی جگہوں کے استعمال کی بجائے ٹوائلٹس سہولت کی فراہمی و آگاہی فراہم کی جارہی تھی۔ دوسری طرف راولپنڈی شہرو کینٹ کے مختلف علاقوں سے پبلک ٹوائلٹ جیسی سہولت ختم ہوتی جا رہی ہے۔حال ہی میں راجہ بازار میں عوامی ٹوائلٹ ختم کرکے دوکانیں بنادی گئیں ۔ضلعی انتظامیہ نے کچہری میں پرانے ٹوائلٹس ختم کرکے پہلے ہی پلازہ بنایا ۔ مری روڈ پر ٹوائلٹس کو ختم کرکے میٹرو اسٹیشنز پر سہولت دی گئی ۔ ریالٹو چوک میں پبلک ٹوائلٹس مٹ چکے ہیں۔ ڈھوک چراغ دین روڈ پر پبلک ٹوائلٹ موجود تھے جن پر قبضہ ہوچکا ہے۔زرائع کے مطابق سرکاری ٹوائلٹس کیلئے جو سرکاری جگہیں موجود تھیں وہ یا تو ختم کردی گئیں ہیں یا ان پر قبضہ ہوچکا ہے۔جس کے باعث شہری علاقوں میں عوام بالخصوص خواتین اور بچوں کو پبلک مقامات پر ٹوائلٹس کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔جہاں یہ سہولت موجود بھی ہے تو اس کی صفائی کی صورتحال ایسی ہے کہ عوام مجبوری میں استعمال کرتے ہیں۔زرائع کے مطابق پاکستان میں دو کروڑ30لاکھ افراد کو محفوظ ٹوائلٹ کی سہولت میسر نہیں۔اور وہ کھلی جگہوں پر رفع حاجت پر مجبور ہوتے ہیں۔محفوظ ٹوائلٹس کی سہولت کیلئے یونیسف کے تعاون سے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے زریعے پنجاب میں 2014-15سے پاکستان اپروچ ٹو ٹوٹل سیننی ٹیشن پروگرام چل رہا ہے۔