• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کانسٹیبل کی ٹک ٹاکر کیلئے پیسوں کی ٹرے اٹھائے ویڈیو وائرل، انٹرنیٹ پر نئی بحث چھڑ گئی


سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک پولیس اہلکار کو ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے لیے پیسوں سے بھری ٹرے اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کی وردی میں ملبوس ایک سرکاری ملازم پیسوں سے بھری ٹرے ہاتھوں میں تھامے اسٹیج کے پاس کھڑا ہے جبکہ اس دوران ٹک ٹاکر کاشف ضمیر اس ٹرے سے پیسے اٹھا رہے اور قوال کے ساتھ ساتھ ارد گرد رقص کرتے افراد پر نچھاور کر رہے ہیں۔

اسی ویڈیو میں معروف اداکارہ و گلوکارہ وینا ملک اور ان کے قریبی دوست کو بھی رقصاں دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر پنجاب میں پولیس افسران کے کردار پر نئی بحث چھِڑ گئی۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا کے ہر پلیٹ فارم پر دیکھی جا سکتی ہے جس کے کمنٹ باکس میں صارفین پنجاب کے اعلیٰ افسران کو ٹیگ کر کے ان کی توجہ اس جانب مبذول کروانے کی کوشش کر رہے ہیں اور سیخ پا نظر آ رہے ہیں۔

ایک صارف نے وائرل ویڈیو پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شاذ و نادر ہی کبھی میں نے کسی ویڈیو کو دیکھ کر اتنی شرمندگی محسوس کی ہو گی، عوام کی جانب سے سونپی گئی وردی کی اس سے بڑی توہین کیا ہو سکتی ہے؟

متعدد صارفین اس ویڈیو کے کمنٹ باکس میں پنجاب پولیس پر طنز اور سخت تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر سونے کی بھاری زنجیریں پہننے اور پالتو شیروں کو گھر میں رکھنے کے شوق کے لیے جانا جاتا ہے۔

ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر لکھی تفصیل کے مطابق ٹک ٹاکر ضمیر کاشف چوہدری ٹیکسٹائل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں۔

ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر  565 ہزار فالوورز اور 13.6 ملین لائکس ہیں۔

کاشف ضمیر کی شہرت میں اس وقت اضافہ ہوا تھا جب 2021ء میں انہیں لاہور کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (سی آئی اے) نے تُرک اداکار انجین التان دوزیاتن کو دھوکا دینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید