کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت سندھ معاشی حب کراچی کے انفرااسٹرکچر پر توجہ دے ، ملک کی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے،ہمیں پاکستان کو ایک برآمدی ملک میں تبدیل کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نےپیر کوکراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب اور بزنس کونسل کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کوکراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پائیدار برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ قلیل المدتی اقدامات کے ذریعے تیز رفتار ترقی ممکن ہے لیکن ایسا طریقہ کار آخرکار معاشی عدم استحکام کا باعث بنے گا کیونکہ زیادہ درآمدات اور محدود غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر کی وجہ سے یہ ترقی غیر مستحکم ہوگی۔ہم معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے فوری اقدامات کر سکتے ہیں لیکن ایسی ترقی عارضی اور غیر پائیدار ہوگی جس کے نتیجے میں معیشت میں اچانک عروج اور پھر گراوٹ کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔اس کے بجائے ہمیں طویل المدتی پائیدار ترقی کو اپنانا ہوگا جو برآمدات پر مبنی ہو۔ اگر ہم دیرپا ترقی یقینی بنانا چاہتے ہیں تو ہماری ترقی کا انحصار برآمدات پر ہونا چاہیے تاکہ یہ مصنوعی نہ ہو اور اس کے گرنے کا خطرہ نہ رہے۔ اجلاس میں بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کے چئیرمین زبیر موتی والا، بی ایم جی کے وائس چئیرمین میاں ابرار احمد، صدر کے سی سی آئی محمد جاوید بلوانی، سینئر نائب صدر ضیاء العارفین، نائب صدر فیصل خلیل احمد، سابق صدور عبد اللہ ذکی اور افتخار احمد شیخ اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔