راولپنڈی (خبر نگار خصوصی ) سستی مرغی کا گوشت بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا۔ رمضان اور عید گزر جانے کے باوجود تاحال انتظامیہ پولٹری قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ضلعی انتظامیہ مارکیٹ کمیٹی نے رمضان میں زندہ مرغی 412روپے فی کلو جبکہ مرغی کا گوشت 597روپے فی کلو مقرر کیا تھا لیکن بااثر پولٹری والوں نے ریٹ لسٹوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈالتے ہوئے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل 200 روپے سے زائد فی کلو منافع وصول کیا اور انتظامی غفلت اور مبینہ ملی بھگت کا یہ سلسلہ مسلسل ایک مہینے سے زائد تک جاری ہے۔ رمضان اور عید پر مرغی کے گوشت کی قیمت 850روپے کلو سے ہزار روپے کلو تک پہنچا دی گئی تھی ۔ اب ایک ہفتہ سے مارکیٹ کمیٹی نے ریٹس لسٹ میں مرغی کے گوشت کی قیمت ہی لکھنا چھوڑ دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ‘ اسسٹنٹ کمشنرز اور درجنوں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتوں پر کنٹرول نہیں کروا سک رہے ۔ راولپنڈی شہر اور کینٹ کے مختلف علاقوں میں مرغی کا گوشت چھ سو کی بجائے آٹھ سو روپے فروخت کیا جا رہا ہے۔ ادھر دکانداروں کا کہنا ہے کہ پیداوار میں کمی‘ کھپت میں اضافہ اور برڈ فلو کی افواہوں کے باعث قیمتیں زیادہ ہیں۔