اسلام آباد (نیوز رپورٹر) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے سیکٹر جی 13میں تجاوزات کی بھرمار ہوگئی۔ جگہ جگہ مٹی کے برتن بیچنے والوں نے سیکٹر میں ٹھئے لگا لئے جہاں پر سارا دن خواتین اور بچے بٹھائے جاتے ہیں جو سیکٹر کے مکینوں کیلئے سکیورٹی رسک بن گئے ہیں۔ کلاس تھری شاپنگ سینٹر میں ہوٹلوں نے اپنی دکانیں بڑھا کر پارکنگ ایریا میں لگا دی ہیں جس سے رہاشیوں کو شاپنگ کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہاؤسنگ اتھارٹی کا عملہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا جبکہ جگہ جگہ لوگوں نے روڈ کے نام اور چوک کے نام اپنی مرضی سے لگا کر بورڈ لگا دیئے ہیں حالانکہ سیکٹر میں کسی بھی روڈ اور چوک کا نام بورڈ کی اجازت کے بغیر نہیں رکھا جا سکتا۔ چوکوں میں لوگوں نے اپنے اشتہاری بورڈ بھی اویزاں کر رکھے ہیں۔ ڈائریکٹر انفورسمنٹ فیض عمر سیال کا کہنا ہے کہ بہت جلد آپریشن کیا جائیگا اور کسی کو سیکٹر میں تجاوزات کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سب سے پہلے انہیں تنبیہ کی جاتی ہے کہ رضا کارانہ طور پر تجاوزات ختم کر دیں‘ اگر انہوں نے تجاوزات ختم نہ کئے تو ہاؤسنگ اتھارٹی آپریشن کرے گی اور تجاوزات ختم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔