• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹی کا شوبز میں آنا ڈراؤنا خیال ہے: نک جونس

----فائل فوٹو
----فائل فوٹو

معروف امریکی گلوکار و اداکار اور پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونس نے کہا ہے کہ بیٹی مالتی میری کا شوبز میں آنا ڈراؤنا خیال ہے۔

انہوں نے حالیہ انٹرویو میں اپنی بیٹی مالتی میری کے ممکنہ شوبز کیریئر کے بارے میں گفتگو کی ہے، انہوں نے بتایا کہ اگرچہ میری بیٹی کو گانا گانے کا شوق ہے، لیکن بطور والد میں اس دنیا کی حقیقتوں سے اچھی طرح واقف ہوں، جس کی وجہ سے یہ خیال ڈراؤنا لگتا ہے۔

نک جونس اور پریانکا چوپڑا کی بیٹی 2022ء میں سروگیسی کے ذریعے پیدا ہوئی تھی اور اس وقت وہ 3 سال کی ہے۔

ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے نک جونس نے کہا کہ ہم نے اس موضوع پر کافی بات کی ہے، آخر میں فیصلہ مالتی کا ہوگا جب وہ بڑی ہوگی، ابھی وہ صرف 3 سال کی ہے اور گانے کی بہت شوقین ہے، شوبز ایک خوبصورت شعبہ ہے، لیکن ایک والد کے طور پر یہ سب کچھ دیکھ کر ڈر بھی لگتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اور پریانکا نے اپنے کیریئر میں کئی چیلنجز اور تلخ تجربات کا سامنا کیا ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی بیٹی کی حفاظت کریں، لیکن ساتھ ہی اسے خود اپنی راہ تلاش کرنے کا موقع بھی دیں۔

نک جونس نے پچھلے ماہ بھی اپنی بیٹی سے اپنے خاص رشتے پر روشنی ڈالی تھی، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جب میں اپنی بیٹی کے ساتھ ہوتا ہوں تو مجھے شہرت یا کامیابی کا کوئی خیال نہیں ہوتا، وہ مجھے صرف والد سمجھتی ہے اور یہی چیز میرے لیے سب سے قیمتی ہے۔

نک جونس اور پریانکا چوپڑا نے یکم دسمبر 2018ء کو راجستھان کے شاندار امید بھون پیلس میں شادی کی تھی، ان کی بیٹی مالتی میری کو انہوں نے ہمیشہ میڈیا سے ایک حد تک دور رکھا، لیکن حالیہ مہینوں میں وہ اکثر اپنی بیٹی کے بارے میں خوشی سے بات کرتے نظر آتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید