• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کا غزہ یکجہتی مارچ، 22 اپریل کو ہڑتال کا اعلان، تحریک چلائیں گے، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کاکراچی میں شاہراہ فیصل پر غزہ یکجہتی مارچ ، خواتین اور بچوں سمیت لاکھوں کی تعداد میں اہلیان کراچی کی شرکت ، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے غزہ میں جاری جارحیت کیخلاف اورفلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 22 اپریل کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا، کراچی میں غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ پوری دنیا میں امریکی غلاموں کیخلاف تحریک شروع کریں گے ،اسرائیل کی حمایت کی بات کی تو حکمرانوں کو نشان عبرت بنادیں گے، عوام غیر ملکی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھیں ،18اپریل کو ملتان اور 20کو اسلام آباد میں مارچ کرینگے، مارچ سے چیئرمین القدس اتحاد المسلمین فضیلۃ الشیخ شیخ مروان ابو العاص اور حماس کے ترجمان و غزہ کے رہائشی ڈاکٹر زوہیر ناجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اسرائیل کے آگے ایک دن بھی ہار نہیں مانی ہے، بیت المقدس کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی ۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے اہل غزہ و فلسطین کے لیے عملی کردار ادا نہ کیا تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی،حکومت پاکستان لیڈنگ رول اداکرے، وزیر اعظم شہباز شریف اورعالم اسلام کے حکمرانوں کا اجلاس بلائیں اور اسرائیل کو مشترکہ طور پر واضح پیغام دیں کہ اگر فلسطینیوں کی نسل کشی بند نہ کی گئی تو ہم پیش قدمی کریں گے،حماس کی تحریک کبھی بھی ختم نہیں ہوسکتی۔ وہ اتوار کو شارع فیصل پر ”یکجہتی غزہ مارچ“ کےہزاروں شرکاء سے خطاب کر رہے تھے انہوں نےکہا کہ حماس محبت، خدمت، مزاحمت، مقاومت اور سامراج کے خلاف جہاد و قتال کا عنوان ہے، اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو خطوط ارسال کر چکے ہیں،فلسطینی قیادت سے توثیق لے چکے ہیں،عالم اسلام کی تحریکوں سے رابطہ کیا جارہا ہے، 22اپریل کی ہڑتال کو گلوبل ہڑتال بنائیں گے۔طاغوت کے ہتھیار سے ہی طاغوت کا مقابلہ کریں گے، اب طاغوت کی تجارت نہیں چلنے دیں گے،انہوں نے کہاکہ وہ صہیونی مصنوعات کی بائیکاٹ مہم مزید تیز کریں گے،پاکستان کے علمائے کرام نے جہاد کا فتویٰ دیا اور اسرائیلی مصنوعات کی بائیکاٹ کی اپیل کی تو اس پر امریکا و اسرائیل کے غلاموں اور یہودی ایجنٹوں کو کیوں تکلیف ہورہی ہے۔ پیپلزپارٹی، نواز لیگ اور پی ٹی آئی امریکا و اسرائیل کی مذمت اور ان دہشت گردریاستوں کے خلاف بات کیوں نہیں کرتیں،تمام پارٹیاں امریکا سے آشیرباد وصول کرنے کے لیے لائن بنا کر کھڑی ہیں،امریکا و اسرائیل نے اقوام متحدہ کا چارٹر پھاڑ کر رکھ دیا ہے، امریکا و اسرائیل کے غلام اپنی سازشوں سے امت کے جذبہ جہاد کو کم نہیں کرسکتے۔

اہم خبریں سے مزید