کراچی(اسٹاف رپورٹر)رنچھوڑ لائن میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو شہید کردیا،تفصیلات کے مطابقعید گاہ تھانہ کی حدودرنچھوڑ لائن جوبلی مارکیٹ ،غوثیہ بریانی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار44سالہ محمد ایوب جاں بحق ہوگیا،فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر متوفی اہلکار کی لاش کو اسپتال منتقل کیا،ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا ہےکہ شہید پولیس اہلکار محمد ایوب جمعیت علماء اسلام کی غزہ مارچ کے لئے چاکیواڑہ سے جانے والے قافلوں کے ساتھ سیکیورٹی پر تھے ،ڈیوٹی کے دوران رفع حاجت کی طلب ہونے پر وہ مسجد میں جاکر رفع حاجت کرنے کے بعد کھانے لینے کے لئے مذکورہ مقام پر کھڑا تھا،اس دوران مسلح ملزمان نے شہید اہلکار محمد ایوب کو نشانہ بنایا،شہید کانسٹیبل کو گردن اور پیٹ پر دو گولیاں لگی جس سے اسکی موت واقع ہوئی ،شہید اہلکار محمد ایوبسال 2006 میں محکمہ پولیس میں بھرتی ہوا تھا اور ڈیڑھ ماہ قبل تھانہ چاکیواڑہ میں تعینات کیا گیا تھا،شہید اہلکارکا آبائی تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تھا جبکہ وہ کراچی میں صفورہ گوٹھ میں رہائش پزیر تھا،شہید پولیس اہلکار نے پسماندگان میں بیوہ ،2 بیٹے اور 2بیٹیاں چھوڑی ہیں۔