اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کا گورو دوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا،وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب آج گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی متروکہ وقف املاک بورڈ وفاقی وزارت مذہبی امور برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام وساکھی میلہ اور326واں خالصہ جنم دن تقریبات جاری ہیں۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے گزشتہ روز گورو دوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کی، یاتری سخت سیکورٹی کے حصار میں ننکانہ صاحب سے فاروق آباد پہنچے، وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب آج 14 اپریل کو گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی ۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ صوبائی وزیر و پردھان پاکستان سکھ گورو دواروہ پر بندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑا کے علاوہ وفاقی و صوبائی وزرا، بین المذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اور سکھ یاتریوں کی بڑی تعد اد شرکت کرے گی۔ پاکستان آئے سکھ یاتریوں نے مہمان نوازی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر اظہار اطمنان کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ۔