مشرقی لندن میں 1 شخص کے قتل کے الزام میں ملزمان محمد ثاقب خان، محمد سمیع میاں، ابراہیم نعیم اور زین علی کو جیل بھیج دیا گیا۔
نیوہم میں 1 شخص کے قتل کے الزام میں 4 افراد کو سزا سنائی گئی ہے۔
26 سالہ انسلم سینج کو 11 نومبر 2023ء بروز ہفتہ 10 بج کر 10 منٹ پر ایسٹ ہیم میں ایک کار کے پیچھے چھرا گھونپنے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، اولڈ بیلی میں جمعہ، 11 اپریل کو اس واقعے میں 4 افراد کو سزا سنانے کا عمل مکمل ہوا ہے۔
اس قتل میں ملوث ملزم 24 سالہ محمد ثاقب خان کو قتل کے جرم میں کم از کم 26 سال کی سزا کے ساتھ عمر قید کی سزا، 19 سالہ محمد سمیع میاں کو قتل کے جرم میں کم از کم 25 سال قید و عمر قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ان کی سزاؤں میں چاقو رکھنے کے جرائم بھی شامل تھے۔
18 سالہ ملزم ابراہیم نعیم کو قتل کے جرم میں ساڑھے 10 سال کی سزا جبکہ 22 سالہ زین علی کو 14 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
کیس کی تحقیقات کی قیادت کرنے والے جاسوس سارجنٹ بریٹ ہیگن نے کہا ہے کہ انسلم سینج کو ایک وحشیانہ حملے میں مارا گیا جو کئی سیکنڈوں تک جاری رہا، حملہ اتنا شدید تھا کہ مقتول جائے وقوع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔
ہماری ٹیم نے ایک مکمل اور تفصیلی تفتیش کی جس کی وجہ سے حملے کے 2 ہفتوں کے اندر 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، ہم اپنی پارٹنر ایجنسیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے جنہوں نے حتمی ملزم کی گرفتاری کو یقینی بنانے میں ہماری مدد کی اور انسلم کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے مقدمے کی سماعت کی۔