جب بات کوئی ملازمت حاصل کرنے کی ہو تو وقت کی پابندی کو دنیا بھر میں ایک خوبی کے طور پر دیکھا جاتا ہے لیکن یہ جان کر یقیناً سب کو حیرانی ہو گی کہ کسی امیدوار کو انٹرویو کے لیے جلدی پہنچنے کی وجہ سے ملازمت نہیں ملی۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ لنکڈ اِن پر حال ہی میں ایک پوسٹ وائرل ہوئی ہے جس نے ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
وائرل پوسٹ میں امریکا کے شہر اٹلانٹا میں مقیم ایک کلیننگ سروسز فراہم کرنے والی کمپنی کے مالک میتھیو پریوٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ میں نے آفس ایڈمنسٹریٹر کی پوسٹ کے لیے انٹرویو دینے آنے والے امیدوار کو 25 منٹ پہلے پہنچنے پر نوکری دینے سے انکار کر دیا۔
اُنہوں نے اپنے اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ اگرچہ تھوڑا جلدی پہنچنا عام طور پر اچھا سمجھا جاتا ہے لیکن وقت سے بہت پہلے آنا ناقص ٹائم مینجمنٹ کی جانب اشارہ ہو سکتا ہے۔
کمپنی کے مالک نے لکھا کہ میرے چھوٹے سے آفس میں امیدوار کے انٹرویو کے لیے اتنی جلدی پہنچ جانے کی وجہ سے مجھے بے چینی محسوس ہوئی کیونکہ میں اس کی موجودگی کی وجہ سے اپنا کام پوری توجہ سے نہیں کر سکا۔
اُنہوں نے یہ بھی لکھا کہ انٹرویو کے آداب امیدواروں کو وقت سے 5 سے 15 منٹ پہلے پہنچنے کی اجازت دیتے ہیں تاہم اس سے زیادہ جلدی پہنچنے کو امیدوار کا غیر سنجیدہ رویہ تصور کیا جا سکتا ہے۔