پشاور ( وقائع نگار )حسن خیل سب ڈویژن میں حال ہی میں منعقدہ کھلی کچہری کے بعد ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر (حسن خیل) شہروز مفتی سمیت سب ڈویژن کے محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کا مقصد کھلی کچہری کے دوران عوام کی جانب سے سامنے آنے والی شکایات، مسائل اور تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینا اور ان کے فوری، مؤثر اور پائیدار حل کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اجلاس میں تمام افسران سے فرداً فرداً رپورٹ لی اور واضح ہدایت جاری کی کہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی ہر شکایت پر سنجیدگی سے کارروائی کی جائے اور اس کے حل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔