پشاور(آئی این پی )مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا پیٹرولیم لیوی اور قیمت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی 80 روپے میں مزید پانچ روپے اضافہ کردیا ہے،حکومت عوام کو ریلیف دینے کا موقع خود روک لیتی ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روپے فی لیٹر کم ہونے کی توقع تھی مگر نہیں ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے گزشتہ روز اپنے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔ مزمل اسلم نے کہا کہ گیس سرکلر ڈیٹ کم کرنے کا ارادہ خاموشی سے پورا ہوگیا ہے واضح رہے ملک کی 27 فیصد آبادی کو گیس پائپ لائن سے میسر ہے جبکہ سو فیصد عوام پٹرول کی قیمت کی شکل میں گیس سرکلر ڈیٹ اتاریں گے اور گیس سرکلر ڈیٹ بھی ن لیگ کے 2015 کے ایل این جی معاہدے کی وجہ سے ہیں۔ مزمل اسلم نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت ایل این جی کے معاہدے سے جان چھڑانے کی کوشش کر رہی ہے حکومت ایل این جی کی قطر اور ای این آئی سے 2027 تک 45 جہاز معطل کرے گی جس کا عالمی مارکیٹ میں جو نقصان ہو گا حکومت بھرے گی جس کی قیمت عوام سے پانچ روپے ٹیکس لیوی لگانے سے پورا کیا جائے گا۔ ویسے ن لیگ کا کیا ویژن ہے داد تو بنتا ہے۔