پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کا آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور حکمرانوں کی چشم پوشی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا انعقاد،نیو رام پورہ گیٹ اشرف روڈ پر حق دو پشاور کو تحریک کے تحت احتجاجی ریلی نکالی گئی۔جماعت اسلامی ضلع پشاور نے صوبائی حکومت کی مسلسل چشم پوشی،آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور پشاور کے بڑے تدریسی ہسپتالوں میں عوام بالخصوص مریضوں کو شدید مشکلات کے حوالے سے، حق دو پشاور کو،تحریک کے تحت پشاور کے معروف تجارتی مرکز نیورام پورہ گیٹ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت جماعت اسلامی کے سابق صوبائی وزیر اور حق دو پشاور کو تحریک کے صدر کاشف اعظم خلیل،پشاور شہر کے امیر حافظ حمید اللہ ایڈوکیٹ،سابق ناظم اورجماعت اسلامی کے ضلعی ترجمان طارق متین،سٹی جنرل سیکرٹری عبدالقادر صراف،منتخب بلدیاتی چیرمین حاجی محمد طاہرزرین اور پاکستان بزنس فورم کے ضلعی صدر خالدگل مہمند اور دیگر قائدین و تاجررہنماوں نے کی۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حق دو پشاور کو۔تحریک کے صدر سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم خلیل،ضلعی ترجمان طارق متین اور تاجر رہنماء خالد گل مہمند نے کہا کہ گزشتہ 13برسوں سے پشاور اور صوبے پر ایک ہی پارٹی کی حکومت ہے جس کی مسلسل تیسری حکومت ہے لیکن صوبے میں برسر اقتدار جماعت تحریک انصاف نے گزشتہ دوسالوں سے اپنی تمام سرگرمیوں کا مرکز ومحور بظاہر قیدی 804 کو کو بنارکھا ہے اور صوبے کے عوام کو عملادہشت گردی،سٹریٹ کرائمز اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے رحم وکرم پر چھوڑا یے۔حکومت کی عدم توجہ سے اس وقت آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جبکہ صوبے کے بڑے تدریسی ہسپتالوں میں عوام طبی سہولیات کی عدم دستیابی پر رل رہے ہیں۔مقررین نے کہا کہ بیس کلو آٹے کا تھیلہ 1600روپے سے 26 سو اور 3200تک پہنچ چکا ہے جبکہ صوبے کے وزیر اعلی اپنے وزراءکے ساتھ سرکاری پروٹوکول کے ساتھ لاہور اور کراچی میں قیدی 804کی رہاِئی کے لئے جلسے کررہا ہے۔مقررین نے کہا کہ ایک طرف شدید سردی کی اس موسم میں وزیر اعلی کے آبائی ضلع خیبرکے علاوقہ تیراہ سے لوگوں کو نکل مکانی پرمجبور کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف صوبائی حکومت تیراہ متاثرین کی مشکلات سے بے خبر کراچی میں جلسوں اور جلوسوں میں مصروف ہیں مقررین نے خبردار کیا کہ جماعت اسلامی اد مشکل وقت میں پشاور اور صوبے کے عوام کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی اور حق دو پشاور کو،تحریک کے زریعے عوامی بیداری کی مہم کو بھرپور طریقے سے جاری رکھے گی۔