پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی بھرپور انداز میں اسٹریٹ موومنٹ کی کامیابی کیساتھ قیادت کررہے ہیں اس سلسلے میں پارٹی کی قیادت کے ہمراہ ہزارہ ڈویژن میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کرکے عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جہاں ہزارہ کے غیور عوام نے وزیرا علیٰ اور دیگر قیادت کا فقیدالمثال استقبال کیا۔ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن کے عوام نے بھرپور انداز میں اسٹریٹ موومنٹ میں شامل ہوکر یہ ثابت کردیا کہ پاکستان تحریک انصاف آج بھی ملک کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے اور بانی چیئرمین عمران خان عوام کے دلوں میں زندہ ہیں،شفیع جان نے کہا کہ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی واحد امید ہے، انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کا مقصد ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، حقیقی جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی کا تحفظ ہے، انھوں نے واضح کیا کہ ائین و قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد جاری رہے گی،شفیع جان نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی غیر قانونی، غیر آئینی اور سیاسی انتقام پر مبنی گرفتاری دراصل عوام کی آواز دبانے کی ایک ناکام کوشش ہے مگر قوم واضح پیغام دے چکی ہے کہ وہ ظلم، جبر اور فسطائیت کے سامنے کبھی نہیں جھکے گی۔