پشاور( کرائم رپورٹر) پشاور میں دو افراد کو قتل کردیا گیا ٗسرکاری ملاز م کے فلیٹ سے چوری ہوئی ہے ٗپولیس مقابلہ کے بعد رہزن کو زخمی حالت میں گرفتارکر لیا گیا ہے ٗبازاروں میں چوریاں کرنے والی دو خواتین کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔تھانہ پشتہ خرہ پولیس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ شب سفید ڈھیری میں زوہیب ولد عزت اللہ نے اپنے بھائی توحید خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے پولیس کے مطابق مقتول آئس کا نشہ کرتاتھا اور گزشتہ شب گھر سے زبردستی سولر اتاررہاتھا جس پر تکرار کے دوران زہیب نے اسے قتل کردیا ادھر دانش ولد نور ولی سکنہ خیشگی گھنٹہ گھر پشاور نے تھانہ چمکنی پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے والد اور بھائی کے ہمراہ اپنے والد کی تنخواہ کی بقایارقم لینے کے لئے طارق بخاری کے فارم گئے تھے جہاں ان کی وہاں موجود ملازمین سے تکرار ہو گئی اس دوران کامران ٗباچا اور شایان نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی اوراس کا والد متعدد گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ تھانہ گلبرگ کی حدود میں نامعلوم چوروں نے سرکاری ملازم صدیق اللہ کے فلیٹ کے تالے توڑ کر تین عدد لیپ ٹاپ ٗآئی پیڈ اور آئی فون سمیت دیگر سامان چوری کر لیا اور فرار ہو گئے ۔تھانہ کوتوالی پولیس نے بازاروں میں خریداری کے لئے آنے والی خواتین کے پرس سے سامان چوری کرنے والے گینگ کی دو خواتین زوجہ رضوان اور زوجہ امتیازکو گرفتار کرکے ا ن کے قبضے سے تین لاکھ 80ہزارروپے برآمد کر لئے گرفتار خواتین نے چند روز قبل زوجہ سمیع اللہ سے لاکھوں روپے مالیت کا سونا چوری کیا تھا ۔گزشتہ روز تھانہ چمکنی کی حدود کی ایک سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتاتھا کہ تین رہزن لوگوں سے اسلحہ کی نوک پر نقدی اور موبائل لوٹ رہے تھے بعدازاں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک رہزن عمران عرف خامار کو گرفتار کر کے مسروقہ موبائل اوراسلحہ برآمد کرلیا ہے جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا ہے پولیس نے فرارملزمان کی بھی تلاش شروع کردی ۔