• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف عوامی احتجاج کا اعلان

پشاور(اے پی پی)شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوہ میں فتنہ الخوارج کے خلاف عوامی غم و غصہ کھل کر سامنے آ گیا۔قبائلی مشران، نوجوانوں، قابل خیل یوتھ اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے امن دشمن عناصر کے خلاف بھرپور ردِعمل کا اظہار کیا۔ 14 جنوری 2026 کو فتنہ الخوارج نے دریائے کرم پر واقع ایک اہم رابطہ پل کو بارودی مواد کے ذریعے دھماکے سے تباہ کر دیا تھا۔یہ پل شیوہ اور ملحقہ علاقوں کے لیے نہ صرف آمدورفت کا واحد ذریعہ تھا بلکہ معاشی سرگرمیوں، تعلیمی اداروں تک رسائی اور مریضوں کی طبی سہولیات کے لیے بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتا تھا۔ پل کی تباہی کے بعد علاقے میں شدید اضطراب پھیل گیا جبکہ عوام میں خوارج کے خلاف سخت غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔واقعے کے فورا بعد مقامی مشران اور نوجوانوں کا ایک ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ 17 جنوری ہفتہ کو بھرپور عوامی احتجاج کیا جائے گا۔اجلاس میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اس قسم کی کارروائیوں کے ذریعے علاقے کے امن، ترقی اور عوامی سہولتوں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے تاہم عوام ایسی سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شرکا نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے اور پل کی جلد از جلد تعمیر نو یقینی بنائی جائے۔اہلِ علاقہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امن کے قیام، ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون اور فتنہ الخوارج کے خلاف متحد رہیں گے۔
پشاور سے مزید