• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیسن ہولڈر کی بیٹ کے بعد گیند سے بھی تباہ کن پرفارمنس، اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری فتح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل میں اسلام آبادیونائیٹڈ نے جیسن ہولڈر کی آل رائونڈکارکردگی کی بدولت بدھ کے میچ میں ملتان سلطانز کو روندتے ہوئے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ یونائیٹڈ نے پنڈی اسٹیڈیم میں 6 وکٹ پر 202 رنز بنائے جواب میں ناکام ٹیم 155 رنزپر آئوٹ ہوکر 47رنز سے ہارگئی۔ بارش کے سبب آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ٹاس تاخیر سے ہوا جبکہ میچ بھی 15منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 202 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف35 گیندوں پر سات چوکے اور دو چھکےلگاکر 53 رنز ، کولن منرو نے 25 گیندوں پر چار چوکے اور تین چھکوں سے مزین 48 ، حیدرعلی 33 اور جیسن ہولڈر نے 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹوٹل 202 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آندرے گوس نے 9، کپتان شاداب خان 14، اعظم خان 4 بناسکے۔ ملتان سلطانز کے کرس جارڈن 41 رنز دیکر 2 جبکہ ڈیوڈ ولی، محمد حسنین، اسامہ میر اور عبید شاہ ایک، ایک وکٹ لے سکے ۔ ملتان جواب میں ہدف پانے میں ناکام رہی ۔ کپتان محمد رضوان38 اور عثمان خان31رنز نمایاں رہے، رضوان نے 27 گیندیں کھیلیں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا، عثمان خان کی 20 گیندوں پر مشتمل اننگزمیں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ شائی ہوپ ایک، کامران غلام 17، مائیکل بریسویل16، ڈیوڈ ولی ایک، کرس جارڈن5، اسامہ میر ایک، محمد حسنین صفر ، افتخار احمد 32رنز بناسکے، عبید شاہ بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آوٹ رہے، جیسن ہولڈر نے 25رنز دے کر 4 ، عماد وسیم نے 33 رنز کے عوض 2 وکٹ لئے، رائلے میریڈتھ، نسیم شاہ ،شاداب خان نے ایک ایک وکٹ لئے۔ اس میچ میں نسیم شاہ اسلام آباد اور عبید شاہ نے ملتان کی نمائندگی کی جو پی ایس ایل کا نیا ریکارڈ ہے۔

اسپورٹس سے مزید