اسلام آباد(ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار)ڈی آئی جی اسلام جواد طارق نےکہا ہے کہ سابق ایس پی عارف شاہ نے سینٹ کے ملازم سردار حمزہ کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے ۔پیٹی بند بھائی کو سنگین جرم میں کوئی رعایت نہیں دی گئی، اسلام آباد پولیس نیک نیتی سے جرائم کے سد باب کیلئے متحرک ہے ۔ تھانہ کھنہ کے علاقے میں منشیات فروشوں کے ہاتھوں قتل ہونے سابق کونسلر اشتیاق عباسی کے چاروں ملزمان صرف چند گھنٹوں میں گرفتار کر لئے گئے تھے ۔ جمعرات کو ایس ایس پی انویسٹیگیشن عثمان بٹ ،ایس ایس پی آپریشن شعیب خان اور دیگر افسران کے ہمراہ ون فائیو آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس کی اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے ملازم حمزہ کی گمشدگی کی تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ حمزہ کا اسلام آباد پولیس کے سابق ایس پی عارف شاہ سے رابط تھا مزید تحقیقات پر ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تو ملزم اپنے جرم کا اعتراف کیا کہ اس نے اپنے بہنوئی کے ساتھ ملکر سینیٹ کے ملازم حمزہ کو قتل کیا ۔