اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہلال احمر پاکستان کی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام ورلڈ ریڈ کراس اورریڈ کریسنٹ کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے ہلال احمر پاکستان کی پسماندہ اور دور دراز کے علاقوں میں طبّی سہولیات،پینے کے صاف پانی اور دیگر خدمات کی بھی تعریف کی۔ چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان مسز فرزانہ نائیک نے اپنے خطاب میں نے کہا کہ ہم نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں ہیلپ لائن 1030 کو فعال کردیا ہے جو کہ ایمبولینس سروس، نفسیاتی امداد، فرسٹ ایڈ، بلڈ ڈونیشن کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے۔اس سے قبل سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان عبیداللہ خان نے بھی خطاب کیا ۔ ریڈکراس ریڈ کریسنٹ ویک کے دوران نمل راولپنڈی میں خون کے عطیات کا کیمپ بھی لگایا گیا۔