اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد کی تاجر برادری نے بھارتی جارحیت کیخلاف اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ہفتہ دس مئی کو ایف نائن پارک سے نیشنل پریس کلب تک ر یلی نکالنے کا اعلان کر دیا ۔اس بات کا اعلان سابق صدراسلام آباد چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار یاسر الیاس خان نےآل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ ، صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹ ایسوسی ایشن و فیڈریشن آف رییٹلرز سردار طاہرمحمود ، سابقہ صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹ ایسوسی ایشن چوہدری رؤف اور وفاقی دارالحکومت کے تاجر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔سردار یاسر الیاس کا کہنا تھا کہ جنگ کی صورت میں تاجر برادری اور اوورسیز پاکستانی ہر ممکن مالی تعاون کرینگے۔ وقت آ چکا ہے کہ دشمن کو جواب دیا جائے۔ اجمل بلوچ نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ہم اگر کچھ کرینگے تو بھارت کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا۔ چوہدری رؤف ،اسلام آباد سمال ٹریڈرز کے صدراویس ستی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔