راولپنڈی(نمائندہ جنگ )پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں‘اُن کا احترام اور عزت ہر پاکستانی پر فرض ہے‘ آج جو امن اور آزادی ہمیں حاصل ہے وہ انہی بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ وہ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کوعسکری اعزازات دینے کی پروقار تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیرنے افسران اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا۔ تقریب میں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغۂ بسالت سمیت مختلف اعزازات دیئے گئے۔ شہدا کو اعزازات بعد از شہادت دیئے گئے جو اُن کے اہل خانہ نے بڑے فخر سے وصول کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے شہدا کے اہل خانہ کے صبر اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بے مثال جذبے اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔