تامل ناڈو کے ضلع کرور میں گزشتہ روز تامیلاگاہ ویٹری کزگام (ٹی وی کے) پارٹی کے سربراہ و اداکار تھلاپتی وجے کی ریلی کے دوران مچنے والی بھگدڑ میں قریبی دوست کی ہلاکت کی خبر پر اداکارہ کایادو لوہار کی وضاحت سامنے آ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ڈریگن کی اداکارہ کایادو لوہار نے ایکس پر وضاحتی بیان میں بتایا ہے کہ آیا ان کی دوست ہفتے کے روز کرور میں ٹی وی کے کی بدقسمت ریلی میں ہلاک ہوئی تھی یا نہیں۔
آج صبح اداکارہ کایادو لوہار کے نام سے ایک ایکس پوسٹ سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی جس نے جلد ہی 1 ملین سے زیادہ کمنٹس اور متعدد ردِعمل حاصل کر لیے۔
اداکارہ کے نام سے کی گئی اس پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے گزشتہ روز کرور میں وجے کی پارٹی تامیلاگاہ ویٹری کزگام (ٹی وی کے) کی ریلی میں ہوئی بھگڈر میں ایک قریبی دوست کو کھو دیا، جہاں شرکاء کے قدموں تلے کچل کر 39 افراد ہلاک اور 95 زخمی ہوئے ہیں۔
کایادو نے اسی کی وضاحت کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا ہے اور اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے ایکس پر پوسٹ کیا ہے کہ مذکورہ بیان میرا نہیں ہے اور پوسٹ جعلی ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ میرے نام سے گردش کرنے والا ٹویٹر اکاؤنٹ جعلی ہے، میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہاں دیے گئے بیانات میرے نہیں ہیں، میں کرور ریلی میں ہونے والے المناک واقعے سے گہرے دکھ میں ہوں اور میری دلی تعزیت ان خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔
کایادو نے اپنے پرستاروں کو بتایا ہے کہ میرے نام سے پھیلائی جانے والی یہ کہانی جعلی ہے، میں یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میرے کرور میں کوئی ذاتی دوست نہیں ہیں اور میرے نام سے پھیلائی جانے والی کہانی غلط اور بے بنیاد ہے، براہ کرم اس غلط معلومات پر یقین نہ کریں اور نہ ہی اسے پھیلائیں، ایک بار پھر میری دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ کایادو لوہار کے نام سے ایک ایکس اکاؤنٹ پر ٹی وی کے پارٹی کے پرچم کے ساتھ ان کی روتی ہوئی تصویر پوسٹ کی گئی تھی جس میں ان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی دوست کرور ریلی میں ہلاک ہو گئی اور اس کا الزام وجے پر لگایا گیا تھا۔
یہ پوسٹ جلد ہی وائرل ہو گئی تھی جس پر بہت سے لوگوں نے یہ یقین کر لیا تھا کہ کایادو نے واقعی اپنی دوست کو کھو دیا ہے اور وجے کو عوامی طور پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا جبکہ کچھ نیوز پورٹلز نے بھی اسے سچ مانتے ہوئے یہ خبر چلائی تھی۔
واضح رہے کہ کایادو نے 2021ء میں کنڑ فلم مگیلپیٹے سے ڈیبیو کیا تھا جبکہ انہیں 2025ء میں تامل فلم ڈریگن کی وجہ سے شہرت ملی۔