کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ملتوی ہونے والے قومی گیمز کیلئے نئی ونڈو تلاش کی جائے گی، اس سلسلے میں پی او اے اسپورٹس کمیشن کا ہنگامی اجلاس ہفتے کو لاہور میں ہوگا جس میں سندھ کی نمائندگی ایس او اے کے سکریٹری احمد علی راجپوت کریں گے، اجلاس میں نئی تاریخ پر غور کیا جائے گا۔ گیمز ستمبر سے نومبر کے درمیان ہونے کا امکان ہے ۔ قومی گیمز کے ملتوی ہونے کی بتائی گئی وجوہات کو کھلاڑی اور کھیلوں کی ایسوسی ایشنز قبول کرنے کو تیار نہیں۔ کھیلوں کے حلقوں کے مطابق مئی میں شدید گرمی، انٹر کے امتحانات سے متعلق پہلے ہی علم تھا ۔ یاد رہے کہ جمعرات کی شب اچانک میڈیا سے کھلاڑیوں کو گیمز کے التواء کے بارے میں علم ہوا۔ خیال رہے کہ قومی گیمز اگر اس سال نہیں ہوسکے تو صوبائی اولمپکس ایسوسی ایشنوں کی جانب سے تیار کئے گئے ٹریک سوٹ ناقابل استعمال ہوجائیں گے جن پر قومی گیمز2025لکھا گیا ہے۔پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن نے پی او اے کو لکھے گئے خط میں قومی گیمز کو یکم مئی سے لاہور میں کرانے کی پیش کش کی ہے۔