کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بینکنگ محتسب پاکستان کی جانب سے2024ء کے دوران تجارتی بینکوں کے خلاف 27,753شکایات کا فیصلہ کر کے متاثرہ بینک صارفین کو 1.65بلین روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ 2023ء میں 25,493 شکایات کو نمٹا تے ہوئے متاثرہ بینک صارفین کو 1.26 بلین روپے کا ریلیف دیا گیا تھا۔پیر کو کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بینکنگ محتسب پاکستان، سراج الدین عزیز نے بتایا کہ سال 2024 ء کے دوران موصول ہونے والی شکایات اور گذشتہ سال 2023ء تصفیہ طلب رہ جانے والی شکایات کی مجموعی تعداد41,546 تھی،ان میں سے 27,753 شکایات پر فیصلے کئے گئے ۔24,498 (88 فیصد)شکایات کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا گیا جبکہ 1,330 (5 فیصد) شکایات کے بارے میں باقاعدہ سماعت کے بعد فیصلے کیے گئے، اس سلسلے میں میر پور ، آزاد جموں کشمیر(جہاں بینکنگ محتسب پاکستان کا باقاعدہ دفتر موجود نہیں ہے )سمیت ملک میں مختلف شہروں میں ریکارڈ سماعتیں ہوئیں۔ علاوہ ازیں، 1,925 (7 فیصد) شکایات ، نامکمل، غیراہم ہونے اور بینکنگ محتسب کے ادارے کے دائرہ اختیارِ سماعت میں نہ ہونے کے باعث مسترد کردی گئیں۔انہوں نے کہا کہ 2005 ء میں اپنے قیام کے بعد سے، بینکنگ محتسب پاکستان کا ادارہ بینکوں کے صارفین کو تقریباً 8 بلین روپے کا ریلیف فراہم کر چکا ہے۔