کراچی (اسٹاف رپورٹر) لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں استعمال شدہ کپڑوں کی فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث لاکھوں مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا، 13 فائر ٹینڈرز ، 2 اسنارکل اور واٹر باؤزر کی مدد سے فائر بریگیڈ کے عملے نے ساڑھے تین گھنٹے سے زائد جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا،تفصیلات کے مطابق پرانے کپڑوں کے گودام میں پیر کی شام اچانک آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے تیز ہوتی چلی گئی اور دھویں کے سیاہ بادل پورے علاقے میں چھا گئے جو کہ کئی کلو میٹر دور سے دکھائی دے رہے تھے ، اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ کا عملہ اور ریسکیو 1122 کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم ایمبولینس اور فائر ٹینڈرز کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں، ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق آگ فیکٹری کی دوسری منزل لگی تھی تاہم چھٹی کا وقت ہونے کے باعث فیکٹری میں کوئی ملازم موجود نہیں تھا ، فیکٹری کی عمارت گراؤنڈ پلس ٹو تھی جس کی دوسری منزل پر آگ لگی تھی ، اس حوالے سے جائے وقوعہ پر موجود ترجمان ایکسپورٹ پروسسنگ زون نے بتایا کہ فائر سیفٹی کے حوالے سے آڈٹ کیا جارہا ہے ، رواں سال کے دوران آتشزدگی کے 6 سے 7 واقعات ہوئے ہیں جس میں 4 عمارتیں بھی مخدوش ہو کر گر چکی ہیں۔