کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) اتحاد ٹاؤن کے علاقے میں گھر سے ایک شخص کی گلا کٹی لاش ملی،مقتول کو چھری کے وار کر کے قتل کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر 13 اے میں واقع گھر سے ایک شخص کی گلا کٹی لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو رضاکار موقع پر پہنچے اور مقتول کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی شناخت 30 سالہ خالد ولد نور اسلام کے نام سے ہوئی،پولیس کے مطابق ابتدا میں مقتول کے بھائی وسیم نے خود کو بھی زخمی بتایا اور واقعہ کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم مقتول کی بیوی اور اہل محلہ کے بیانات کے مطابق مقتول خالد اور اس کے بھائی وسیم کا آپس میں جھگڑا رہتا تھا،ایس ایچ او کے مطابق اب تک کی تفتیش میں یہی معلوم ہوتا ہے کہ دونوں بھائیوں میں جھگڑا ہوا اور اس دوران ملزم وسیم نے چھری کے وار کر کے اپنے بھائی کو قتل کیا تاہم واقعہ کے حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے،مقتول ایک بیٹے کا باپ اور لنڈے کا کام کرتا تھا۔