• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف آئی آرز اور دیگر رپورٹس یومیہ بنیادوں پر جمع نہیں ہورہیں، ایف آئی اے کو خط

کراچی ( ثاقب صغیر )ایف آئی آرز ،انکوائریوں اور کیسز پراپرٹیز کی انسپکشن رپورٹ یومیہ بنیادوں پر جمع نہ کروانے پر ایف آئی اے زونل انچارج کو خط لکھ دیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ مجاہد اکبر خان نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی ، حیدرآباد اور بلوچستان زون کے نام خط لکھا ہے ۔خط جاری ہدایات پر مقررہ مدت میں عملدرآمد نہ ہونے کے حوالے سے لکھا گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ احکامات دئیے جانے کے باوجود دونوں زونز میں درج ایف آئی آرز اور دیگر رپورٹس یومیہ بنیادوں پر جمع نہیں کروا ئی جا رہی ہیں۔خط کے مطابق بار بار یاد دہانی کے باوجود کراچی اور بلوچستان زون کے مال خانے میں موجود انکوائریوں اور کیسز پراپرٹیز کی انسپکشن رپورٹس بھی جمع نہیں کرائی گئیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ زیر التوا تمام ایف آئی آرز اور مال خانہ انسپکشن رپورٹ جمع کرائی جائیں ۔ خط کے مطابق مذکورہ امر سرکاری ہدایات پر عمل نہ کرنے اور غفلت کا عکاس ہے اور جاری ہدایات پر عملدرآمد نہ کیا جانا ناقابل قبول ہے۔خط میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی حیدرآباد اور بلوچستان زون کو ہدایت کی گئی ہے کہ مستقبل کے تمام معاملات میں فوری تعمیل اور مستعدی کا مظاہرہ کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید