راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں شہری 12موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز، نقدی اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے ،8افراد سے جھپٹا مار کران کے موبائل چھین لئے گئے ۔اسلام آباد میں بھی 10وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ ایک کار،6 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ، دو گھروں کے تالے ٹوٹ گئے ۔ایک موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی ۔بیکری چوک میں نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر محمد شعیب سےموٹرسائیکل، تھانہ نصیر آباد کے علاقہ نصیرآباد میں4 موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر محمد بشیر سے موبائل اور ایک لاکھ 19ہزار روپے ،تھانہ روات کے علاقہ تخت پڑی میں3 نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر ابو ھریرہ سے ساڑھے سات ہزار روپے ، موبائل اور اس کے ساتھی محمد واصف ریاض سے 12ہزار روپے اور ان کا موٹر سائیکل ،تھانہ چونترہ کے علاقہ بھال میں 2موٹر سائیکل سوار چھری سے ڈرادھمکاکرعدیل احمد کے بیٹےراحیل احمد عمر14سال سے موٹرسائیکل اپلائیڈ فار چھین کر لے گئے۔ دیگر وارداتوں میں شہریوں سے سات موبائل اور نقدی چھین لی گئی، بیشتر وارداتیں گن پوائنٹ پر ہوئیں۔ نیوپھگواڑی میں ملک جنید کے گھر سے 2 موبائل،چاندنی چوک میں معین اختر کے آفس کے دروازے کے شیشے توڑ کر 95لیپ ٹاپ اور پرنٹر کل مالیتی 85لاکھ روپے ، یوسف کالونی میں فضل الرحمان کے گھر تالے توڑ کر 8 لاکھ روپے اور زیور مالیتی 10لاکھ روپے چوری کرلئے گئے ۔تھانہ ویسٹریج کو محمد حفیظ خان نے بتایا کہ چوہڑ چوک میں موٹرسائیکل پر دو نامعلوم لڑکے آئے جو گن پوائنٹ پر میراموٹرسائیکل مالیتی 2لاکھ30ہزارروپے چھین کرفرارہوگئے۔