• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی دہلی کے جارحانہ اقدامات پر احتجاجی مراسلہ بھارتی ناظم الامور کے حوالے۔ ہمارے شہریوں پر حملہ ہوا تو بھارتی بھی محفوظ نہیں رہیں گے، وزیر دفاع

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے پہلگام واقعے پر نئی دہلی کی جانب سے کیے گئے جارحانہ اقدامات پر احتجاجی مراسلہ حوالے کردیاجبکہ وزیردفاع خواجہ آصف نے خبردارکیاہے کہ اطلاعات کے مطابق بھارت پاکستان کے شہروں میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے‘ اگر ہمارے شہریوں پرحملہ ہوا تو بھارتی شہری بھی محفوظ نہیں رہیں گے‘ انڈیا جیساکرے گا ویسا بھرے گا ‘نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ہماری مسلح افواج ہر قسم کے چیلنج کے لیے تیار ہیں، کسی نے کوئی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو اس کا ماضی سے زیادہ برا حشر ہوگا‘انڈیا کے پاس پہلگام حملے کے ثبوت ہیں تو پیش کرے ‘وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی گیدڑ بھبکیوں کا دو گنا بڑھ کر جواب دیا ہے‘ہندوستان کے ساتھ سود سمیت حساب برابر کردیا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوج کی موجودگی میں اس قسم کا واقعہ ہوجانا نورا کشتی کے مترادف ہے ، واقعہ سے سیاسی فائدہ حاصل کرنا یا کسی حیلے بہانے سے پاکستان کو ہدف بنانے جیسی ممکنات شامل ہیں ، بی ایل اے اور افغانستان سے جو کچھ ہو رہا ہے اس میں فٹ اور فنگر پرنٹس ہندوستان کے نظر آتے ہیں، بطور ریاست ہندوستان نے امریکہ اور کینیڈا میں دہشت گردی کو ایکسپورٹ کیا۔عالمی برادری کو بھارت میں ہونے والے واقعہ اور ان کے الزامات کا نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے سپانسرڈ اور قیادت ہندوستان میں بیٹھے ہوئے ہیں اور وہ پاکستان میں دہشت گردی کو سپانسپرڈ کر رہے ہیں ‘ہندوستان اگر کوئی قدم اٹھاتا ہے تو بھر پور جواب دیں گے، ہندوستان سمیت بین الاقوامی برداری کو کسی قسم کا شک نہیں ہونا چاہیے ، ہم اپنے دفاع کا پورا حق رکھتے ہیں ۔

اہم خبریں سے مزید