اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) نویں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس ’’مولانا رومیؒ و حضرت سلطان باھوؒ‘ انسان دوستی، امن و محبت اور رواداری کے پیامبر‘‘ کا اختتام ہو گیا۔ مقررین نے تصوف پر مختلف زبانوں میں تحقیقاتی مقالہ جات پیش کئے۔ پاکستان کے طول و ارض سے دانشوروں اور محققین کے ساتھ ساتھ برطانیہ، آذر بائی جان، افغانستان، ایران، ترکی سمیت کئی ممالک سے مجموعی طور پر 180 مقررین نے شرکت کی۔ اختتامی سیشن کی صدارت چیئرمین مسلم انسٹی ٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کی جبکہ دیگر مقررین میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) طاہر محمد، ڈاکٹر تقی عابدی، سہیل وڑائچ، ندیم بھابھہ، ڈاکٹر نیاز اختر اور پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر شامل تھے۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ شدت پسندی، نفرت، عداوت، تعصب، عدم برداشت اور ظلم کی روک تھام کیلئے اور اُن اقدار کو اجاگر کرنے کیلئے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ معاشرے کے مسائل کا حل صوفیاء کرام کی تعلیمات میں موجود ہے۔