• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز سندھیلا اور فرسٹ سیکریٹری سفارتخانہ بیجلیئم کا ’گنٹواس ہاکی کلب‘ کا دورہ

— جنگ فوٹو
— جنگ فوٹو

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن برائے یوتھ افیئرز چوہدری پرویز علی سندھیلا اور پاکستان میں تعینات بیجلیئم سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری اینڈریس جائیلز نے معروف یورپین کلب ’گنٹواس ہاکی کلب‘ کا دورہ کیا۔

اس دورے کے دوران بیلجیئم کی ہاکی ٹیموں کے ممکنہ دورۂ پاکستان کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین کھیلوں کے میدان میں تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر حال ہی میں یورپین چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد ہاکی کوچ محمد نعیم کو بھرپور انداز میں مبارک باد پیش کی گئی۔

محمد نعیم کی یہ شاندار کامیابی ناصرف ان کے لیے بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستانی ٹیلنٹ کی پہچان مزید مستحکم ہوئی ہے۔

چوہدری پرویز علی سندھیلا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد نعیم جیسے باصلاحیت افراد کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر ہمارے نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ دنیا کے کسی بھی میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کے شاندار ماضی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ایک مرتبہ پھر اس کھیل کو وہی مقام دلائیں جس کا یہ حق دار ہے، حکومتِ پاکستان، خاص طور پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔

چوہدری پرویز علی سندھیلا نے اس موقع پر چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی اس ہدایت کا بھی حوالہ دیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو یورپ سمیت دنیا بھر میں مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر منوا سکیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور اب حکومتی سطح پر ان کے لیے دروازے کھولے جا رہے ہیں۔

اس دورے نے ہاکی کے فروغ اور پاکستان کے عالمی کھیلوں میں مقام کی بحالی کے لیے ایک مثبت پیغام دیا ہے، یہ توقع کی جا رہی ہے کہ جلد ہی بیلجیئم کی ہاکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جو کھیل کے میدان میں دوستی اور ہم آہنگی کو مزید فروغ دے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید