برطانیہ میں کرسمس سے چند روز قبل 120 پارسل غائب ہونے پر ایوری کے ایک ٹھیکیدار کو حراست میں لے لیا گیا۔
لندن سے برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق 24 سالہ نوجوان کو گزشتہ روز اس وقت حراست میں لیا گیا جب ڈیلیوری کمپنی کے مینیجرز نے آرڈرز مکمل نہ ہونے پر خدشات کا اظہار کیا۔
مذکورہ شخص کو ساؤتھمپٹن کے ایک پتے پر چوری کے شبہے میں حراست میں لیا گیا جس سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسی ایڈریس سے تقریباً 40 پارسلوں کا ایک ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے، پولیس شواہد کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ لاپتہ پارسلز کی تلاش کے لیے بھی انکوائری جاری ہے۔
پولیس کا خیال ہے کہ اب کرسمس چونکہ سر پر ہے تو اس اہم ایونٹ سے قبل پارسلز کی برآمدگی ممکن دکھائی نہیں دیتی۔
ہیمپشائر اور آئل آف وائٹ کانسٹیبلری نے کہا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ کرسمس سے قبل پارسلز مطلوبہ وصول کنندگان تک نہیں پہنچ سکیں گے۔