اسلام آباد ( ایوب ناصر)ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی دستاویزات فراہم کرنے والے گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سید صداقت شاہ، نادر خان، عارف خان، اور عالم زیب شامل ہیں ،ملزمان سٹیشنری شاپ کی آڑ میں جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث ہیں۔ترجمان کے مطابق ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں پشاور سے گرفتار کیا گیا ہے، ابتدائی تفتیش کےمطابق منظم گروہ افغان شہریوں کے لیے جعلی پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کی تیاری میں ملوث تھا۔ چھاپہ مار کاروائی میں موقع سے جعلی پیدائشی اور وفات کے سرٹیفکیٹس برآمد ہوئے ہیں، چھاپہ مار کاروائی میں ڈپٹی کمشنر پشاورکے نام سے جعلی مہریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ترجمان کے مطابق ملزمان سے جعلی پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس اور نادرا پراسیسنگ سے متعلق اسٹامپ پیپرز بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔