لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بارے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن اظہر اکرم، ڈی آئی جی سی سی ڈی وقاص الحسن، سی سی ڈی کے ایس پیزاور ڈی ایس پیز موجود تھے۔ اجلاس میں سی سی ڈی کے لیے دفاتر، لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے امور زیر غور آئے۔ سی سی ڈی کے ریجنل و ڈسٹرکٹ افسران نے فراہم کی گئی سہولیات اورمزید ضروریات سے آگاہ کیا، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 199 افسران و اہلکاروں میں 39 لاکھ 80 ہزار کے انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں ، انعامات حاصل کرنے والوں میں 17 اے ایس آئیز،23 ہیڈ کانسٹیبلز، 142 کانسٹیبلز اور 17 لیڈی کانسٹیبلز شامل ہیں۔