اسلام آباد ( جنگ نیوز ) ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) کے سینٹرل چئیرمین میاں اکرم فرید نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان بے انتہا صلاحیت کے حامل اور پوری دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔ اس بات کا اظہار انھوں نے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل لُک ٹرائینگل ، آئی ٹی یو سی ایشیا کے سیکرٹری جنرل شُویا یوشیدا اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و افرادی قوت چوہدری سالک حسین کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر دیئے گئے عشائیہ میں کہی۔اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ حکومت پاکستان مزدوروں کے حقوق کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ انکی وزارت کی خصوصی کاوشوں سے اس وقت ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد پاکستانی مختلف ممالک میں کام کر رہے ہیں۔ اس سال سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے 38 بلین ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر متوقع ہے ۔انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل لُک ٹرائینگل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ تقریب میں صدر ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) ملک طاہر جاوید ، سیکرٹری وزارت سمندر پار پاکستانیز و افرادی قوت ڈاکٹر ارشد محمود سمیت دیگر نے شرکت کی۔