• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلگام، جعفر ایکسپریس حملے کی تحقیقات کیلئے عالمی ماہرین کی کمیٹی بنائی جائے، وزیر داخلہ

لاہور (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی تحفظ کیلئے پر عزم ہیں، پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کیلئے تعاون کرنے کو تیار ہیں، بھارت کے پی اور بلوچستان دہشتگردی میں ملوث، ثبوت موجود،پہلگام،جعفر ایکسپریس حملے کی تحقیقات کیلئے عالمی ماہرین کی کمیٹی بنائی جائے، کالعدم بی ایل اے کے عہدیدار کس سے مل رہے ہیں ہمیں پتہ ہے،مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح ہے ، پاکستان کی معاشی ترقی بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ بھارت کی جانب سے پہلگام میں دہشت گردی کا جھوٹا ڈرامہ رچانا پاکستان کیلئے نقصان دہ ہے جبکہ بھارت کو اس سے فائدہ ہے ،یہ ڈرامہ اس وقت بھارت نے کیا جب ایک غیر ملکی شخصیت دورے پر تھی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی کا واقعہ ہو ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اگر پاکستان کو پہلگام واقعہ کی وجہ سے دبانے کی کوشش کی گئی تو پاکستان کا بچہ بچہ آخری دم تک لڑے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے اور اس کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں لیکن پاکستان نے خطے میں امن کی خاطر کوئی شور شرابہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا پہلگام ڈرامہ بے نقاب ہو چکا ہے ، ہم واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، دنیا کا کوئی بھی غیر جانبدار ادارہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کرے پاکستان بھر پور تعاون کرے گا۔

اہم خبریں سے مزید