کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں ڈاکو راج برقرار ،شاہ فیصل پل پردوران ڈکیتی مزاحمت پرڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے بائیک رائیڈر کو قتل کردیا ،55سالہ ندیم مسجد کا خادم بھی تھا ،گولی سینے میں لگی ، 2بیٹے اور ایک بیٹی شدت غم سے نڈھال ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ تھانہ کی حدود شاہ فیصل پر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب شاہ فیصل پل پر گھات لگائے مسلح ملزمان نے 55سالہ ندیم احمد ولد سلطان احمد کولوٹ مار کی نیت سے روکا،واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں نے ندیم کو گولی مار دی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا،واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ مقتول کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا،پولیس کے مطابق مقتول ناگن چورنگی سے واپس کورنگی اپنے گھر آرہا تھاتین پیدل ڈاکوؤں نے شاہ فیصل پل کے قریب روک کر لوٹ مار کی اور مزاحمت پر ایک گولی سینے میں مار دی جس سے اسکی موت واقع ہوئی ،مقتول ندیم احمد کورنگی کی مسجد کا خادم تھا جو بائیکیا چلا کر گزر بسر کرتا تھاندیم احمد کے 2 بیٹے اور ایک بیٹی ہےاچانک موت پر لواحقین شدت غم سے نڈھا ل ہیں ،مقتول ندیم احمد کے بیٹے نے بتایا ہےکہ کل ابو 2 سو روپے میں رائڈ لیکر گلشن گئے میں نے کہا کہ اتنے سستے میں کیوں لیکر جارہے ہیں ؟ابو نے کہا تھا کہ گلشن اقبال سے مزید اچھی رائڈز مل جائیں گی ۔ہمیں کیا معلوم تھا کہ ابو کے ساتھ ایسا ہوگا۔رات کو معلوم ہوا کہ ڈاکووں نے ابو کو مار دیا ہے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے تاکہ پھر کسی کے ساتھ ایسا نہ ہو۔