• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی انتخابات کا فوری انعقاد ناگزیر ہے، یونٹی فورم

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ یونٹی فورم کے رہنماوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے بلدیاتی انتخابات کا فوری انعقاد ناگزیر ہے ، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر فورم پر آواز بلند اور عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔ بلدیاتی انتخابات سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکتے ہیں ۔شہر میں غیرقانونی الاٹمنٹ کے خلاف آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا ۔ یہ بات کوئٹہ یونٹی فورم کے مشارورتی اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے میں کہی گئی ہے ، اجلاس میں میر محمد اسلم رند ، یونس بلوچ ، صدیق قریش سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور خطے میں جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت اور اس حوالے سے قرارداد بھی منظور کی گئی ۔اجلاس مین کہا گیا کہ کوئٹہ کے مسائل ہر گزرتے دن کے ساتھ گمبھیر ہوتے جارہے ہیں ، بلدیاتی انتخابات کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے مقررین نے کہا کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر کوئٹہ کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں . انہوں نے کہا کہ پورے بلوچستان میں بلدیاتی نظام رائج ہے لیکن کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جارہے جس سے مسائل جنم لے رہے ہیں .بلدیاتی ادارئے نہ ہونے کی وجہ سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل نہیں ہورہے ۔ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نہیں جس کی وجہ سے نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل سے روگردانی کررہی ہے ۔کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کو التواء کا شکار بناکر شہر کو گندگی اور کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا گیا ہے جگہ جگہ کچرے کی ڈھیروں کی وجہ سے تعفن پھیل رہا ہے جس سے لوگ سانس سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ،بلدیاتی نمائندوں کی عدم موجودگی کے باعث افسر شاہی کے ذریعے صفائی کے نظام کو چلایا جارہا ہے جس سے شہر کا حلیہ بگڑ چکا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت صفائی کا نظام ناکام ہوچکا ہے جس سےشہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے شہر میں مختلف مقامات پر کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جن کو اٹھاکر ٹھکانے نہیں لگایا جارہا ہے ۔ وزراء کو کوئٹہ کے مسائل اور صفائی ستھرائی سے کوئی سروکار نہیں وہ اپنے اپنے علاقوں اور لوگوں کو نواز رہے ہیں۔
کوئٹہ سے مزید