کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی کوئٹہ اعتزاز احمد گواریا نے کہا ہے کہ موبائل چوری روکنے کے لیے بلوچستان پولیس نے آئی ایم ای آئی پورٹل متعارف کروا دیا ہے۔ پورٹل پر 15 ہندسوں پر مشتمل آئی ایم ای آئی یعنی بین الاقوامی موبائل آلات کا شناختی نمبر درج کر کے استعمال شدہ فون کی تصدیق کی جا سکتی ہے کہ آیا وہ چوری شدہ ہے یا قانونی طور پر استعمال کے قابل ہے ۔ جنگ سے بات چیت میں ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقامی مارکیٹوں میں زیادہ تر استعمال شدہ موبائل چوری کے ہیں اور ان کی رپورٹ بھی درج نہیں کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر شہری کو موبائل خریدنے سے قبل اس کا آئی ایم ای آئی ہمارے پورٹل پر ضرور چیک کرنا چاہیے تا کہ غلطی سے بھی چوری شدہ فون نہ خریدے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ پورٹل کے ذریعے شہری چوری شدہ موبائلز کی رپورٹنگ کے علاوہ پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ اب تک 689 شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ یہ آن لائن سروس بلوچستان پولیس کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے اور شہریوں کو حقیقی وقت میں آئی ایم ای آئی ویریفیکیشن اور شکایت کی فالو اپ رپورٹنگ فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے بعد چوری شدہ فونز کا استعمال کم اور صارفین کا تحفظ بڑھے گا ۔