• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے ٹی ایچ میں شدید نوعیت کے سکیمک فالج مریض کا تھرومبو لائسز کے ذریعے کامیاب علاج

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور نے فالج کے علاج میں ایک نمایاں سنگِ میل عبور کر لیا جب ایک شدید نوعیت کے اسکیمک فالج کے مریض کا کامیاب تھرومبولائسز کے ذریعے علاج کیا گیا۔ مریض کو انجکشن’’الٹپلیز‘‘ دیا گیا، جس سے بروقت بہتری آئی۔میڈیکل ڈائریکٹر نے اس موقع پر بتایا کہ تھرو مبولائسز کی یہ سہولت اب صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت فراہم کی جائے گی تاکہ مستحق مریضوں کوفوری علاج کی سہولت حاصل ہو سکے۔ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے اس اہم کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور نیورولوجسٹ ڈاکٹر عرفان خٹک کی بروقت تشخیص اور علاج کی تعریف کی اور کہا کہ مریض کو بائیں جانب کمزوری کی شکایت کے ساتھ ایک گھنٹے کے اندر ہسپتال لایا گیا اور تھرومبولائسز کامیابی سے مکمل ہوئی، یہ کے ٹی ایچ کی تاریخ میں پہلا کامیاب تھرومبولائسز کیس ہے، جو فالج کے علاج میں وقت کی اہمیت خاص طور پر ابتدائی 3 گھنٹوں کے دوران کو واضح کرتا ہے۔ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر آفریدی نے کہا کہ یہ اعزاز ہے کہ کے ٹی ایچ اب اُن ہسپتالوں میں شامل ہو گیا ہے جہاں فالج کے جدید علاج کی سہولت دستیاب ہے۔ انہوں نے جلد ایک مخصوص’’اسٹروک یونٹ‘‘کے قیام کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا۔
پشاور سے مزید