• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم اے جنوبی پنجاب کا نشترہسپتال کے آؤٹ ڈور میں ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کے کنوینیئرڈاکٹر مقبول عالم نے کہا ہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر نشتر ہسپتال آوٹ ڈور میں ہڑتال جاری رہے گی، حکومت سے سنجیدہ مذاکرات کیلئے پانچ رکنی مذاکراتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، حکومت نوکریوں سے برطرف اور معطل کئے گئے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف سمیت دیگر ہیلتھ ملازمین کو بحال کر کے جمعہ کے روز تک مذاکرات کرے ورنہ جمعہ کے بعد احتجاج کا دائرہ کار بڑھانے پر مجبور ہو جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نشتر ہسپتال آوٹ ڈور میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کی تمام برانچز کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ حکومت ہمارے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کرے ،ٹرانسفر اور معطلی سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، ہم جانتے ہیں مریضوں کا نقصان ہورہا ہے، ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کیلئے تیار ہیں، ہم نے پی ایم اے جنوبی پنجاب کی سطح پر حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے، حکومت ہمارے ساتھ مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائے، ہم نے نجکاری کے قانون پر ورکنگ پیپر تیار کر رکھا ہے، ڈاکٹر مقبول عالم نے کہا کہ جن ڈاکٹروں کو برطرف یا معطل کیا گیا، ان کو بحال کریں، ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، جمعہ تک ہم مذاکرات مکمل کریں گے، مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے تو بڑے احتجاج کی جانب جائیں گے، قبل ازیں پی ایم اے ساؤتھ پنجاب کی میٹنگ میں ملتان، خانیوال، مظفر گڑھ ،بہاولپور ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، وہاڑی اور لودھراں سے پی ایم اے ساؤتھ پنجاب کے تمام عہدیداران موجود تھے۔
ملتان سے مزید