پشاور (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت نے ایوبیہ نیشنل پارک میں ماحول دوست سیاحت اور اقامت گاہوں کے نئے منصوبے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا کے ترجمان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لطیف الرحمان کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت ایوبیہ نیشنل پارک میں ماحولیاتی تعلیم اور پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جدید ماحول دوست سیاحت (ایکو ٹورازم) اور اقامت گاہوں کے منصوبے شروع کر رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد سیاحوں کو فطرت کے قریب رہتے ہوئے تعلیمی تجربات فراہم کرنا، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے بارے میں آگاہی بڑھانا اور ذمہ دارانہ تلاش و سیاحت کے لیے رہنمائی کی سہولیات مہیا کرنا ہے۔ ترجمان کے مطابق آرام دہ قیام اور ماحولیاتی تحفظ کو یکجا کرتے ہوئے یہ اقدام پارک کے پرسکون حسن سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اس کی ماحولیاتی اہمیت کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ قدم ماحول دوست سیاحت کی جانب ایک انقلابی پیشرفت ہے جو تحفظ، مقامی کمیونٹیز کی شمولیت اور سرسبز خیبر پختونخوا کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔